ہندوستان کے 419 عازمین کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہونچا

,

   

ڈاکٹر اوصاف سعید ‘ جناب نور رحمن و دیگر نے استقبال کیا ۔ مسجد نبوی ؐ کے قریب قیام
جدہ 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے 419 عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہونچ چکا ہے ۔ یہ قافلہ نئی دہلی سے مدینہ منورہ پہونچا ۔ یہاں سے یہ قافلہ بعد میں مکہ مکرمہ روانہ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب ڈاکٹر اوصاف سعید ‘ قونصل جنرل نور رحمن شیخ اور مسٹر وائی صابر نے عازمین حج کا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بند عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ پر استقبال کیا ۔ سعودی گزٹ نے یہ اطلاع دی ۔ اس سال ایک اہم اقدام میں سعودی عرب نے ہندوستانی عازمین حج کے کوٹہ کو 1,70,000 سے بڑھا کر دو لاکھ کردیا تھا جس کے نتیجہ میں مزید 30,000 ہندوستانی مقدس سفر حج کیلئے روانہ ہو پائیں گے ۔ عازمین حج کی پہلی چارٹرڈ پرواز نئی دہلی سے چہارشنبہ کی رات دیر گئے روانہ ہوئی تھی جس میں 419 عازمین سوار تھے ۔ یہ لوگ جمعرات کو مدینہ منورہ پہونچ گئے ۔ ہندوستانی حج مشن کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام عازمین حج بخیریت ہیں اور انہیں مسجد نبوی ؐ شریف کے قریب رہائش فراہم کی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ عازمین حج مدینہ منورہ میں آٹھ دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہونگے ۔ جو ہندوستانی حاجی ہیں ان میں 1,40,000 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سے یہ مقدس سفر کرینگے جبکہ 63,000 عازمین پہلے مدینہ جائیں گے جس کے بعد مکہ جائیں گے تاہم 77000 عازمین راست جدہ پہونچیں گے اور مکہ میں مناسک حج کی تکمیل کے بعد مدینہ منورہ آئیں گے ۔ مناسک حج کا آغاز 8 اگسٹ سے ہوگا اور 14 اگسٹ تک ان کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ مدینہ ائرپورٹ پر ایک دفتر دن رات کام کر رہا ہے تاکہ ہندوستانی عازمین کی ہر ممکنہ مدد کی جاسکے ۔ پہلی مرتبہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین کے سامان پر ٹیگ لگایا ہے جس میں عازمین کے قیام کی عمارتوں وغیرہ کی تفصیل درج کی گئی ہے ۔ اپنے ایک ہیڈ آفس اور تین برانچ دفاتر کے علاوہ ہندوستانی حج مشن نے عازمین کیلئے ایک 10 بستروں والی ڈسپنسری اور تین برانچ دواخانے بھی قائم کئے ہیں۔ جو ہندوستانی عازمین پہلے مکہ مکرمہ جائیں گے وہ مناسک حج کی تکمیل کے بعد 19 اگسٹ سے مدینہ آنا شروع کرینگے ۔ اس کے بعد انہیں مدینہ ائرپورٹ ہی سے آٹھ دن کے قیام کے بعد اپنے اپنے شہروں کو روانہ کردیا جائیگا۔ جدہ میں ہندوستان سے پہلی حج پرواز 20 جولائی کو پہونچے گی ۔