نئی دہلی۔9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ)کے ایگزیکٹو بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مینز ہاکی ورلڈکپ 2023ء ہندوستان میں کھیلا جائے گاجبکہ وومنز ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی اسپین اور ہالینڈ مشترکہ طور پر کریں گے۔ ہندوستان مسلسل دوسری مرتبہ اور 2010ء سے تیسری مرتبہ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ مینز ہاکی ورلڈ کپ 13 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا، وومنز ورلڈ کپ یکم سے 17 جولائی تک ہوگا۔میچز کے مقامات کا تعین میزبان ملک کریں گے جبکہ میزبان ملک خود بخود ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔ ایف آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو تھیری ویل نے کہا ہے کہ ان معتبر ٹورنمنٹس کے لیے شاندار بولیاں موصول ہوئیں جن میں سے کسی ایک کا انتخاب ایک مشکل کام تھا،جیسا کہ دنیا بھر میں کھیل کا فروغ ایف آئی ایچ کا مشن ہے،جس کے لیے یقیناً سرمایہ درکار ہوتا ہے ایگزیکٹو بورڈ نے دونوں ایونٹس کے لیے کوالیفکیشن کے عمل کی بھی منظوری دی۔ کانٹی نینٹل چمپئن شپس کی فاتح (پانچ ٹیمیں) براہ راست ایونٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ باقی 10 ٹیمیں ہوم۔اینڈ۔اوے پلے آف میچز کے ذریعے کوالیفائی کریں گے، ان کوالیفائرز کے لیے 20 ٹیموں کا تعین ٹوکیو اولمپک گیمز 2020ء کے اختتام پر ایف آئی ایچ ٹیموں کی مقامات پر ہوگا۔