ایڈیلیڈ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان کا خیال ہے کہ صرف ہندوستانی کرکٹ ٹیم ہی آسٹریلیا کو اس کے گھریلو میدان پر شکست دے سکتی ہے۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ٹسٹ میں اننگز اور48 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کر لیا ۔ اس میچ میں ڈیوڈ وارنر نے ٹرپل سنچری بنائی جبکہ مارنس ، مشیل اسٹارک اور ناتھن لیون نے کمال کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو تقریبا یکطرفہ انداز میں شکست دی۔ وان نے ٹویٹر پر لکھاکہ اس آسٹریلیائی ٹیم کو اس کی وکٹوں پر شکست دینے کی قابلیت صرف ہندوستانی ٹیم کے پاس ہے۔ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ میں آسٹریلیا نے اس کلین سویپ کے ساتھ نمبر ایک مقام پر ویراٹ کوہلی کی ٹیم کے ساتھ اپنا فرق کم کر لیا ہے۔ ہندوستان کے پاس اب تک 360 پوائنٹس ہیں جبکہ آسٹریلیا 176 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔انگلینڈ میں آسٹریلیا نے 2-2 سے ایشز سریزکو ڈرا کیا تھا جبکہ اپنے گھریلو سیزن کے آغاز میں آسٹریلیا نے پاکستان پرکلین سویپ درج کر اپنا مقام مضبوط کرلیا ہے۔ آسٹریلیا نے سیریز کے دونوں میچوں میں اننگز سے جیت درج کی ہے۔