ہندوستان ۔ نیوزی لینڈ آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز

   

کرائسٹ چرچ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وقار کو شدید نقصان ہونے کے علاوہ بیٹسمینوں ناقص کی تکنیک بھی نیوزی لینڈ کی وکٹوں پر آشکار ہوچکی ہے اور اب دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم کو کل یہاں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ میں کامیابی کے ساتھ سیریز کو بھی بچانے کا چیلنج درپیش ہے۔ ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے ضمن میں چل رہی دو مقابلوں کی اس سیریز کے پہلے مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کو تین دنوں میں ہی 10 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے ویراٹ کوہلی، چٹیشور پجارا اور اجنکیا رہانے جیسے نامور کھلاڑیوں کی موجودگی بھی اس مقابلہ میں کام نہ آسکی حالانکہ رہانے نے کسی قدر بہتر مظاہرہ کیا۔ دوسرے ٹسٹ کیلئے ہیگلی اوول کی وکٹ گذشتہ مقابلہ کی بنسبت مزید تیز رفتار اور اچھال فراہم کرنے والی ہوگی جہاں ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے تجربہ کے علاوہ درازقد فاسٹ بولر کائی جیلیسن کا جوش بھی ہندوستانی ٹیم کو پریشان کرسکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے خوشخبری یہ ہیکہ اس کے اوپنر پارتھیوشا مکمل فٹ ہوچکے ہیں اور انہوں نے نیٹ پراکٹس بھی کی ہے۔ اچھال لیتے وکٹ اور فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ماحول نے امکان ہیکہ روی چندرن اشون کے مقام پر آل راونڈر رویندر جڈیجہ کو قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیا جائے گا جبکہ فاسٹ بولر ایشانت شرما ہنوز مکمل صحت یاب نہیں ہوئے ہیں اور ان کی دوسرے ٹسٹ میں شرکت غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ ایشانت شرما کے مقام پر اومیش یادو کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم جس نے پہلے ٹسٹ میں 10 وکٹوں کی کامیابی حاصل کی ہے وہ ان ہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جنہوں نے پہلے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم نیل ویگنر کی واپسی کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے حالیہ دنوں میں شاندار مظاہرہ کیا ہے۔