جنوبی ہند میں جون کے اواخر تک بھی بارش نہیں ‘ شمال ہند بھی ہنوز گرمی کی لپیٹ میں ، جولائی سے توقعات
حیدرآباد 30؍ جون ( سیاست نیوز) جنوبی ہند میں مانسون کی تاخیر سے آمد کے باوجود بارش کی کمی سے صورتحال تشویشناک ہوتے جا رہی ہے ۔ جون کے ختم تک ریاست تلنگانہ میں معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گذشتہ دو دن سے آبرآلود موسم کے باوجود تلنگانہ کے پیشتر علاقوں میں بارش نہیں ہوئی ۔ شہر حیدرآباد میں بھی بارش کی کمی سے زیر زمین پانی کی کمی برقرار ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ تلنگانہ میں 29 جون سے موسلادھار بارش ہوگی ۔ تاہم جاریہ سال کی گرمی اور شدید درجہ حرارت نے سب کو پریشان اور بے حال کر دیا ۔ جو ن کے مہینے میں ملک بھر میں خاص کر دہلی میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہا ‘ جبکہ جنوبی ہند کی ریاستوں ‘ تاملناڈو ‘ کرناٹک ‘ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں جون کا پورا مہینہ گرمی کی لیپٹ میں تھا صرف ایک یا دو مرتبہ ہی بارش ہوئی ہے ۔ اس طرح ماہ جون گذرنے کے باوجود شمالی ہند کے بعد دیکھا جائے تو چار سال انتہائی خشک اور گرم گذرنے ہیں۔ اور 2019 کا جون اس لحاظ سے پانچواں موقع 1920 ہے جب خشک سالی پھیلی ہوئی ہے اور مانسون کا عوام بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں ۔ ماضی پر نظر ڈالیں تو 2009 میں سب سے کم 85.7 ملی میٹر ‘ 2014 میں 95.4 ملی میٹر 1926 میں 97.7 ملی میٹر اور 1923 میں 102 ملی میٹر بارش ہوئی تھی ۔ 2009 اور 2014 دونوں ہی سال ایسے تھے جب مانسون النینو کے اثر سے کمزور ہوا تھا اس سال بھی کچھ ایسی ہی حالت معلوم پڑ رہی ہے ۔ دراصل النینو کے اثر کی وجہ سے مشرقی اور بحر اوقیانوس کی سطح میں غیر معمولی طور سے گرمی کی حالت دیکھنے کو ملتی ہے ۔ اس سے ہواؤں کا چلنا متاثر ہوتا ہے اور یہ ہندوستانی مانسون پر بے حد منفی اثر ڈالتا ہے ۔ اس سے ماہرین موسمیات نے پہلے ہی النینو کے دیر سے سرگرم ہونے اور کمزور رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا ۔ حالانہ گذشتہ ہفتہ حالت میں کچھ بہتری ہوئی اور مراٹھواڑ اور ودربھ جیسے علاقوں میں بارش ہوئی جو کہ طویل وقت سے خشک سالی کی مار برداشت کر رہے تھے ۔ حالانکہ ایک اچھی خبر سننے کو مل سکتی ہے ۔ اتوار 30 جون تک خلیج بنگال میں کم دباؤ کی حالت پیدا ہو رہی ہے ۔ اس کے سبب جولائی کے پہلے ہفتہ میں اڈیشہ ‘ وسطی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان میں اچھی بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک سینئر افسر کے بموجب 30 جون کے بعد مانسون میں بہتری کی امید کر رہے ہیں ۔ اس بات کی قوی امید ہے کہ مانسون وسطی ہندوستان اورگجرات کے باقی حصوں میں بڑھے گا۔ جولائی میں کم دباؤ کی حالت کے سبب مانسون بہتر ہوسکتا ہے قابل غور ہے کہ خریف کی فصل کے لئے جولائی کا مہینہ سب سے اہم ہوتا ہے اور مانسون کا سب سے زیادہ بارش والا مہینہ مانا جاتاہے ۔