ہندوستان 109 رنز پر ڈھیر ، آسٹریلیا کو سبقت

   

اندور۔ آسٹریلیا نے یہاں تیسرے ٹسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر ہندوستان کے 109 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹ پر 156 رن بنائے اور 47 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔عثمان خواجہ نے 147 گیندوں پر عمدہ 60 رنز بنائے اور مارنس لیبوشین (31) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 96 رنزکی شراکت میں آسٹریلیا کوبہتر موقف پر پہنچا دیا۔ٹریوس ہیڈ (9) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔کپتان اسٹیو اسمتھ نے 26 رنز بنائے۔ کھیل کے اختتام پر پیٹر ہینڈزکومب (7 ناٹ آؤٹ) اور کیمرون گرین (6 ناٹ آؤٹ) کریز پر تھے۔ ہندوستان کی جانب سے رویندرا جڈیجہ (4/63) نے چاروں وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کو ہندوستان پر 47 رنز کی برتری حاصل ہے۔ہندوستان کی جانب سے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد ویرات کوہلی نے 22 اور شبمن گل نے 21 رنز بنائے ان کے سوا کوئی بھی بیٹر بہتر اسکور نہیں کرپایا۔بائیں ہاتھ کے اسپنر میتھیو کوہنیمن (5/16) اور ناتھن لیون (3/35) نے آسٹریلیا کے لیے ایک ایسی پچ پر شاندار مظاہرہ کیا جہاںگیند خطرناک موڑ لے رہی تھی۔
بیڈمنٹن میچ کے دوران کھلاڑی کی موت
حیدرآباد ۔ حیدرآباد میں ایک شخص کی بیڈمنٹن کھیلنے کے دوران ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی۔39 سالہ پرمیش یادو علاقے سکندرآباد کے لالہ پیٹ میں واقع پروفیسر جے شنکر انڈور اسٹیڈیم میں بیڈمنٹن کھیلتے ہوئے موقع پر ہی فوت ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر لالہ گوڑہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پرمیش کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ متوفی پرمیش ملکا جیگری کا رہنے والا تھا۔پولیس تمام زاویوں سے تحقیق کررہی ہے۔