ویلینگٹن ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام)عالمی نمبر ایک کرکٹ ٹیم ہندوستان جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹسٹ میچ کھیلے گی اور اس کا مقصد 11 سال بعدنیوزی لینڈ گراؤنڈ پر سیریز جیتنا ہوگا۔ کپتان وراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے دورے کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ٹوئنٹی20 سیریز0۔5 سے جیت لی تھی لیکن تین ونڈے میچوں کی سیریز میں ٹیم کو 3۔0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مختصر فارمیٹ کے بعد اب اس دورے کے آخری مرحلے میں طویل فارمیٹ کی باری ہے اور عالمی نمبر ایک ٹیم سیریز جیتنے کے موقف میں موجود سمجھی جارہی ہے۔ تاہم اسے میزبان ٹیم کے چیلنج کو ونڈے میچوں کی کارکردگی کی بنیاد پر سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ دو ٹسٹ میچوں کی اس سیریز میں ہندوستان کا ہدف 11 سال کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ میں ٹسٹ سیریز جیتنا ہوگا۔ ہندوستان نے آخری بار 09۔2008 میں نیوزی لینڈ میں تین میچوں کی سیریز 0۔1 سے جیتی تھی۔ اس کے بعد 14۔2013 میں ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 0۔1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان اپنی گزشتہ پانچ سیریز میں ناقابل شکست رہا ہے اور اس دوران وہ ویسٹ انڈیز ، آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو شکست دے چکا ہے۔ اب اس کے نشانے پر نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی سیریز ہے تاہم اس میں کامیابی ہندوستان کیلئے جوئے شیر لانے کم نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کی فہرست میں360 پوائنٹ کے ساتھ اول نمبر پر ہے اور ان کا مقصد دو میچوں کی اس سیریز میں پورے120 پوائنٹ لے کر اپنے مقام کو مزید مستحکم بنانے کا ہوگا۔ ہندوستان کے بعد آسٹریلیا 296 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ60 کے پوائنٹ ہیں اور وہ چھٹے نمبر پر ہے ۔