ہندوستا ن کوآج برطانیہ کے خلاف کامیابی ضروری

   

ٹوکیو: ناقص مظاہروں کے ساتھ ٹیموں کی درجہ بندی میں نچلے مقام پر پہنچ چکی ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو چہارشنبہ کے دن دفاعی چمپئن برطانیہ کے خلاف کامیابی اشد ضروری ہے کیوں کہ ایک اور کامیابی سے اس کی میڈل کی امیدیں ختم ہوجائیں گی۔ عالمی نمبر ایک نیدرلینڈ کے خلاف 1-5 کی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کو جرمنی کے خلاف بھی 0-2 سے شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ پول اے میں متواتر دو ناکامیوں کے بعد ہندوستانی ٹیم کے جہاں حوصلے پست ہیں وہیں اسے اگلے مقابلے میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ ہندوستانی ٹیم کی اصل ناکامی کی وجہ پینالٹی کو گول میں تبدیل نہ کرنے کی خامی ہے۔ رانی رامپال کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ بہتر مظاہرہ کرسکتی ہے۔ متواتر دو ناکامیوں کے بعد ہندوستانی ٹیم 6 ٹیموں کے پول اے میں سب سے آخری مقام پر ہے جبکہ نیدر لینڈ اس گروپ میں سب سے پہلے مقام پر ہے جس کے بعد جرمنی، برطانیہ، آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ موجود ہیں۔