ہندومنافق نمبر ایک : گورنرگجرات

   

احمد آباد:گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت کے ہندوؤں کو منافق قرار دینے کے بیان نے ایک تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان چہارشنبہ کو نرمدا ضلع کے پویچا گاؤں میں منعقدہ ‘آرگینک فارمنگ’ کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ریاست کے دو بڑے اخبارات نے گورنر آچاریہ دیوورت کے بیان کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’لوگ ‘جے گاؤ ماتا’ کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن وہ گائے کو اس وقت تک ہی گوشالہ میں رکھتے ہیں جب تک وہ دودھ دیتی رہتی ہے۔ جیسے ہی وہ دودھ دینا بند کر دیتی ہے، تو وہ اسے سڑکوں پر چھوڑ دیتے ہیں۔ اس لیے میں کہتا ہوں کہ ہندو نمبر ایک کے ڈھونگی ہیں۔ ہندو مذہب اور گائے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں لیکن یہاں لوگ خود غرضی کی وجہ سے ‘جے گاؤ ماتا’ کا نعرہ لگاتے ہیں۔‘‘آچاریہ دیوورت نے مزید کہا ’’لوگ مندروں، مسجدوں، گرجا گھروں، گرودواروں میں جا کر خدا سے دعا کرتے ہیں تاکہ خدا آپ سے خوش ہو جائے۔
میں کہتا ہوں کہ اگر آپ آرگینک فارمنگ کی طرف بڑھیں گے تو خدا آپ سے اس طرح بھی خوش ہوگا۔‘‘انہوں نے کہا ’’میں سائنسی ثبوت کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ آپ کیمیائی کھاد کے استعمال سے جانوروں کو مار رہے ہیں۔ اگر آپ آرگینک فارمنگ کو اپنائیں گے تو آپ جانوروں کو زندگی دیں گے۔‘‘