ہندوپاک کے درمیان جنگ خودکشی کے مترادف : عمران خان

,

   

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ہندوستان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے قیام امن کیلئے جو پیشکش کی تھی، ہندوستان نے اس پر کوئی پیشرفت نہیں کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ خودکشی کے مترادف ہوگی۔ ترکش خبر رساں ایجنسی ٹی آر ٹی ورلڈ سے ایک انٹرویو کے دوران بات کرتے ہوئے عمران خان نے ہندوستان کے ساتھ ایک بار پھر امن بات چیت کی خواہش ظاہر کی جیسا کہ عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی نے ادعا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ سردجنگ بھی دونوں ممالک کو راس نہیں آئے گی۔ دوسری طرف تحریک انصاف پارٹی نے بھی عمران خان کے حوالے سے کہا نیوکلیئر توانائی کے حامل دونوں ممالک کو جنگ کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہئے۔ سردجنگ بھی ہندوپاک کیلئے مناسب نہیں رہے گی۔ صرف ایک ہی واحد ذریعہ جس سے قیام امن کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور وہ ہے باہمی مذاکرات۔ نیوکلیئر توانائی کے حامل دو ممالک اگر جنگ کرتے ہیں تو سمجھ لیجئے کہ دونوں نے خودکشی کرلی۔ عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ ہندوستان نے ان کی پیشکش پر کوئی توجہ نہیں دی کیونکہ ہندوستان کا نظریہ کچھ اس طرح ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ہندوستان کو پیشکش کی گئی تھی کہ اگر وہ قیام امن کیلئے ایک قدم آگے بڑھاتا ہے تو پاکستان دو قدم آگے بڑھائے گا لیکن ہندوستان نے کئی بار پاکستان کی قیام امن پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیریوں کے حقوق کو سلب کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔