ہندو ، گجرات کے امریلی ضلع میں 200 سالہ قدیم درگاہ کا تحفظ کررہے ہیں

   

احمدآباد ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے ضلع امریلی میں کھڈاسالی گاؤں ہے جس میں پیربابا کی درگاہ ہے۔ یہ درگاہ نہ صرف ہندو مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے افراد کی بھی آماجگاہ ہے۔ اس درگاہ میں دوسرے روایتی رسومات کے علاوہ شادی بیاہ کی رسومات بھی انجام دی جاتی ہیں جس میں کھڈاسالی گاؤں بلکہ قریب کے دیہاتوں کے افراد بھی اپنا کوئی بھی کام شروع کرنے سے قبل اس کی زیارت کیلئے آتے ہیں۔ 200 سالہ اس قدیم درگاہ کا پٹیل اور برہمن نہ صرف تحفظ کررہے ہیں بلکہ اس کی دیکھ بھال بھی کررہے ہیں۔ یہ گاؤں غیرمسلم آبادی پر مشتمل ہے۔ کھڈاسالی کی درگاہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ کھڈاسالی کے نوجوان سرپنچ چیتن ملانی نے بتایا کہ دیہاتیوں کی درگاہ سے بہت عقیدت ہے جس کے باعث ان کی زندگی کا کام کاج چل رہا ہے۔ گاؤں میں مختلف دیوی دیوتاؤں کے 10 منادر بھی ہیں۔ منگل کو درگاہ میں بھرت دگل کی شادی ہوئی۔ اس نے بتایا کہ اس کا تعلق رابڑی طبقہ سے ہے لیکن اس کے خاندان کے افراد نے شادی سے قبل درگاہ کی زیارت کی اور پیربابا پر ہمارا بڑا ایقان ہے۔