وارانسی: ملک بھرمیں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف پرامن احتجاج اور مظاہرے جاری ہیں۔ دہلی کے شاہین باغ، جامع مسجد دہلی اور دیگر کئی مقاما ت پر احتجاج کئی دنوں سے چل رہا ہے۔ شاہین باغ پر احتجاج 36 ویں دن میں داخل ہوگیا ہے۔
لیکن دوسری طرف وارانسی میں بڑے بڑے پوسٹرس آویزاں کرتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ اگر سی اے اے اور این آرسی سے نجات پانا چاہتے ہوں تو گھر واپسی کرلیں۔ اس پوسٹر میں دعوی کیاگیا کہ شاہین باغ کا احتجاج ناکام ہوگیا ہے۔ یہ اشتعال انگیز پوسٹ سوشل میڈیاپر گشت کررہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے اس بینر کو نکال کر ضبط کرلیا۔ اس سلسلہ میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 295اے اور 505 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہے اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔