لکھنو 30 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) 6 ڈسمبر کو بابری مسجد شہادت کی برسی سے چند دن قبل یہاں ہندو تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ اس سال ’ شوریہ دیوس ‘ کا اہتمام نہیں کرینگی کیونکہ سپریم کورٹ نے ایودھیا مسئلہ پر فیصلہ سنادیا ہے ۔ ان تنظیموں نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔ 6 ڈسمبر 1992 کو بابری مسجد کو شہید کئے جانے کے بعد وی ایچ پی کے بشمول کئی ہندو تنظیمیں 6 ڈسمبر کو شوریہ دیوس کا اہتمام کرتی آئی ہیں جبکہ مسلم تنظیموں کی جانب سے یوم سیاہ منایا جاتا ہے ۔ رام جنم بھومی نیاس کے سربراہ مہنت نرتیہ گوپال داس نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے اس مسئلہ پر فیصلہ سنادئے جانے کے بعد اب شوریہ دیوس منانے کی کوئی وجہ نہیں رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے گھروں اور مندروں میں روشنی کریں اور رام آرتی گائیں تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے پیام کو اجاگر کیا جاسکے ۔ وی ایچ پی کے ترجمان شرد شرما نے بھی کہا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے بھی 6 ڈسمبر کو شوریہ دیوس کا اہتمام نہیں کیا جائے گا ۔