ہندو دیوتاؤں کے خلاف ریمارکس گجرات میں اسٹانڈ اپ کامیڈین اور 4 ساتھی گرفتار

   

اندور : گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک اسٹانڈ اپ کامیڈین منور فاروقی اور دوسرے چار افراد کو ہندو دیوتاوں کے خلاف غیر شائستہ ریمارکس پر گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ گرفتاری ایک بی جے پی رکن اسمبلی کے فرزند کی شکایت پر عمل میں آئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کامیڈین فاروقی نے ہندو دیوتاوں کے علاوہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف بھی اندور میں ایک شو کے دوران غیر شائستہ ریمارکس کئے تھے ۔ پولیس نے کہا کہ کامیڈی شو ایک کیفے میں منعقد کیا گیا تھا ۔ مقامی بی جے پی رکن اسمبلی مالینی لکشمن سنگھ گور کے فرزند ایکلویا سنگھ گور نے اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی تھی ۔شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی شو دیکھنے گئے تھے جہاں کامیڈین نے یہ ریمارکس کئے ۔ انہوں نے ان ریمارکس پر شو کے دوران ہی اعتراض کرتے ہوئے وہاں ہنگامہ کیا تھا ۔ انہوں نے شو کو روکنے پر بھی مجبور کردیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی رات اسٹانڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اندور سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو بھی ماخوذ کیا گیا ہے ۔ شکایت کنندہ نے پولیس میں ایک ویڈیو فوٹیج بھی اس شو کا پیش کیا ہے ۔ پولیس کے بموجب تمام پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔