نئی دہلی/ منگلورو ۔ /28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس کے ایکزیکٹیو ہیڈ سریش (بھیاجی) جوشی نے آج وشواہندو پریشد (وی ایچ پی) کے عہدیداروں سے یہ کہا کہ ہندو سماج میں پیدائش کی بنیاد پر برتری یا فوقیت کی باتیں درست نہیں ہے اور ہم آہنگ سماج فروغ دینے کی کوششیں کرنا چاہیے ۔ جوشی نے کہا کہ لوگوں کے اقدار مٹتے جارہے ہیں اور مادر وطن کے تئیں غیرسنجیدہ رویہ پنپ رہا ہے ۔ وہ سنٹرل مینجمنٹ کمیٹی اور بورڈ آف ٹرسٹیز کی میٹنگ سے مخاطب تھے ۔ منگلورو میں وی ایچ پی کے اس اجلاس میں جوشی نے کہا کہ ہندوؤں کو بااختیار ، باتہذیب اور باشعور بنانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کو شریف النفس اور شائستہ رویہ کے حامل ہونا چاہیے ۔ اس طرح کے ہندو ہی بے نقص سماج استوار کرتے ہوئے دنیا کی قیادت کرسکتے ہیں ۔