گوالیار۔ اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے آج اعلان کیا کہ 14 مارچ کو گوالیار سے دہلی تک ایک ریلی منظم کی جائے گی جس کے ذریعہ گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈسے اور شریک سازشی نارائن آپٹے کی زندگیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ جاریہ سال جنوری ہی میں ہندو مہاسبھا کی جانب سے گوڈسے پر ایک اسٹڈی سنٹر بھی قائم کیا گیا تھا جسے بعد میں ضلع انتظامیہ کی مداخلت کے بعد بند کردیا گیا ۔ ہندو مہاسبھا کی جانب سے 14 مارچ کو دولت گنج گوالیار سے ریلی منظم کی جائے گی جس کے دوران گوڈسے اور آپٹے کے تعلق سے غلط تشہیر کا جواب دینے کی کوشش کی جائے گی ۔ ہندو مہاسبھا کے نائب صدر جئے ویر بھردواج نے یہ بات بتائی ۔ تنظیم کے عہدیداروں کی جانب سے 15 مارچ کو کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی کوشش کی جائے گی ۔