ہندو مہا سبھا کے خلاف گاندھی بھون میں کانگریس قائدین کا احتجاج

   

حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے آج گاندھی بھون میں مجسمہ مہاتما گاندھی کے پاس خاموش احتجاج کرتے ہوئے ہندو مہا سبھا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ صدر سٹی کانگریس انجن کمار یادو ، نائب صدر آل انڈیا کسان سیل ایم کودنڈا ریڈی ، جی نرنجن ، سکریٹری پی سی سی یوسف ہاشمی اور دیگر قائدین نے تقریباً ایک گھنٹہ تک خاموش احتجاج کیا۔ وہ ہندو مہا سبھا قائدین کی جانب سے مہاتما گاندھی کی توہین کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ ہندو مہا سبھا قائدین نے مہاتما گاندھی کی برسی کے دن ان کا مجسمہ تیار کرتے ہوئے گولی سے نشانہ بنایا تھا ۔ مہاتما گاندھی کے قاتل کے حق میں نعرے لگائے گئے تھے ۔ کانگریس قائدین نے ہندو مہا سبھا کی اس حرکت کو شرمناک قرار دیا اور بابائے قوم کی توہین کرنے پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی سرپرستی کے باعث فرقہ پرست طاقتیں سر ابھار رہی ہیں۔ ملک میں اس طرح کی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے ۔