ریاض، 14 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ہند۔پاک جنگ بندی قائم رہے گی اور ممکن ہے امریکہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کو عشائیہ پر اکٹھا کرلے ۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ سعودی عرب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ، ممکن ہے امریکہ ان ممالک کے لیڈروں کو ایک جگہ جمع کرلے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ کچھ ہی روز پہلے میری انتظامیہ تشدد کے بڑھتے واقعات رکوانے کیلئے تاریخی جنگ بندی میں کامیاب ہوئی ہے ۔ اس کے لیے تجارت کو بڑی حد تک استعمال کیا۔ صدرٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت سے کہا کہ آئیں ڈیل کریں، کچھ تجارت کی جائے ۔نیوکلیئر میزائل نہ چلائیں، ان چیزوں کی تجارت کریں جو آپ بہت عمدہ بناتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس بہت طاقتور، مضبوط اور ذہین لیڈر ہیں،جنگ رک گئی ہے ۔