نئی دہلی :قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوال نے آج پاکستانی ہم منصب عاصم ملک کے ساتھ موجودہ فوجی کشیدگی کے بارے میں بات چیت کی ۔اسکی تصدیق پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک انٹرویومیں کی ۔ اجیت ڈوال نے وزیر اعظم نریندرمودی کے ساتھ بھی آج ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال سے انھیں آگاہ کیا۔دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ٹیلی فون پر بات ہوئی ۔یہ گفتگوانتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔جنرل عاصم ملک پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ بھی ہیں اور حال ہی میں انھیں قومی سلامتی کے مشیر کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے ۔آپریشن سندورکی کامیابی کے بعد جس میں ہندوستانی فوجیوں نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کیا ،اجیت ڈوال نے امریکہ ،سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ملکوں کے ہم منصبوں کے ساتھ فون پر بات کی اور انھیں بتایاکہ ہندوستان کے فوجیوں نے کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایابلکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیاہے ۔