اسلام آباد۔ 10 مئی (ایجنسیز) ہندوستان کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات پر امریکہ نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کیا کہ ہم انٹیلی جنس یا پیغامات پر تبصرہ نہیں کریں گے، یہ بیان ہندوستان کے حالیہ دعوؤں کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جن میں راولپنڈی سے مبینہ دہشت گرد کارروائیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ کے ردعمل سے متعلق ریکارڈ موجود ہے، اور ہم ہر معاملہ کو ذمہ داری سے دیکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ہندوستانی بیانیے کی تائید سے گریز کیا اور یہ واضح اشارہ دیا کہ امریکہ ہندوستانی الزامات کو من وعن تسلیم نہیں کرتا۔ اس بیان کے بعد پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر تقویت ملی ہے، جس میں اسلام آباد نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی واقعہ پر آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہے۔ پاکستان پہلے ہی ہندوستان سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ الزام تراشی کی بجائے ٹھوس شواہد فراہم کرے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔ امریکی ترجمان کا محتاط مؤقف ہندوستانی موقف کی غیر یقینی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے اور پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر سامنے لاتا ہے۔