ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن کا متنازعہ بیان، بی جے پی کی تنقید
نئی دہلی : شمال بمقابلہ جنوب کی بحث کو مزید بھڑکاتے ہوئے ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن نے مبینہ طور پر کہا کہ اتر پردیش اور بہار سے ٹاملناڈو آنے والے ہندی بولنے والے لوگ تعمیراتی کام، بیت الخلاء کی صفائی وغیرہ جیسے چھوٹے موٹے کام کرتے ہیں۔ دیاندھی مارن کا کلپ شیئر کر کے بی جے پی لیڈروں نے بہار کے چیف منسٹرنتیش کمار سے اس معاملے پر ان کی رائے بھی جاننے کی کوشش کی ہے۔بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونہ والا نے کہا کہ شمالی ہند کی ریاستوں کے بارے میں پارلیمنٹ میں ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ سینتھل کمار اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے تبصرے (جب وہ وزیر اعلیٰ نہیں تھے) کہ تلنگانہ کا ڈی این اے بہار کے ڈی این اے سے بہتر تھا، کے بعد ایک بار پھر ڈی ایم کے لیڈر دیاندھی مارن نے شمالی اور جنوبی ریاستوں کے درمیان بحث کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے۔