ہندی زبان کو مسلط کرنا تفرقہ انگیز، مرکز کا یہ قدم ملک کی وحدت و سالمیت کے لیے خطرناک

   

چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد حکومت کی حالیہ کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندی زبان کو مسلط کرنا ناقابل عمل اورتفرقہ پسندانہ ہے۔اسٹالن نے کہا کہ یہ ملک کی وحدت اور سالمیت کے لئے نقصان دہ ہوگا اور غیر ہندی بولنے والوں کے لیے کئی طرح سے نقصان دہ ثابت ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک نیم سرکاری خط میں اسٹالن نے کہا کہ یہ صرف تمل ناڈو کے لیے ہی قابل قبول نہیں ہو گا بلکہ کسی بھی ایسی ریاست کو تسلیم نہیں ہوگا جو اپنی مادری زبان کا احترام اور قدر کرتی ہے۔ اس خط کی کاپیاں آج یہاں میڈیا کو جاری کی گئیں۔