ہند۔آسٹریلیا آج دہلی میں دوسرا مقابلہ،پجارا کا 100 واں ٹسٹ

   

نئی دہلی۔ ناگپور میں اننگز اور132 رنز سے بڑی جیت کے بعد، ہندوستان کا مقصد ایک اور جیت کا ہو گا جب ٹاپ آرڈر بیٹر چیتشور پجارا بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹسٹ میں اپنا 100 واں ٹسٹ کھیلیں گے۔ یہ ٹسٹ جمعہ سے یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ نئی دہلی میں شائقین کچھ پرجوش کھیل کی توقع کر سکتے ہیں، اگر ہندوستان اور آسٹریلیا اپنی اپنی خامیوں کو دور کر سکیں۔کپتان روہت شرما کو چھوڑ کر ہندوستان کا ٹاپ آرڈر غلط موڈ میں ہے۔کے ایل راہول کو بڑے رنز بنانے ہوں گے، خاص طور پر ان فارم شبمن گل کے ساتھ جو شمولیت کا انتظار کر رہے ہیں۔پجارا اپنے سنگ میل کے میچ کو یادگار بنانے کے لیے اپنے کلاسیکی طرزکی بیٹنگ کے خواہاں ہوں گے، جب کہ ویراٹ کوہلی گھریلو میدان اور شائقین کے ساتھ اسٹروک پلے کے شاندار مظاہرہ کے لیے تیارہوں گے، بشرطیکہ وہ اسپنرزکو بہتر کھیلنے میں کامیاب ہو جائیں۔دوسری جانب آسٹریلیا اس مقابلے میں اپنے معیار کا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کا خواہاں ہوگا۔