نئی دہلی۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے اس سال کے آخر میں ہونے والے آسٹریلیا کے دورے کو ممکن بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور اس میں سب سے بڑا اختیار سیریز کو ایک ہی اسٹیڈیم میں کروایا جانا مانا جا رہا ہے۔آسٹریلیا کے نائب کپتان ٹریوس ہیڈ اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے مشورہ دیا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ دسمبر ۔جنوری میں ہونے والی سیریز محفوظ ایڈیلیڈ اوول میدان میں کھیلی جائے۔ہیڈ اور ہیزل ووڈ کے اس مشورہ کے بعد بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہوتی ہیں کہ سیریز کو ایک ہی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے تو اسے ایڈیلیڈ میں کھیلا جا سکتا ہے۔ہندوستان کو اس دورے میں چار ٹسٹ اور تین ونڈے کھیلنے ہیں۔ آسٹریلیا کورونا سے کھیل ملتوی کرنے کی وجہ سے اپنے نقصان کی تلافی کے لئے اس دورے میں ایک اضافی ٹسٹ یا چھوٹے فارمیٹ کے ایک دو میچ شامل کرنا چاہتا ہے۔اس دورے کے ہونے کی صورت میں کرکٹ آسٹریلیا کو 30 کروڑ آسٹریلین ڈالر کی کمائی ہوگی۔بی سی سی آئی کے خزانچی ارون دھومل نے کہا ہے ہندوستانی کھلاڑی میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں جبکہ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ بڑے ٹورنمنٹوں کے مقابلے دو طرفہ سیریز کھیلنا زیادہ بہتر ہو گا۔