سری نگر، 23 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان-آسٹریلیا کے ایک وفد،جس میں آسٹریلیا کے سفارت کار اور حکام بھی شامل ہیں، نے منگل کی صبح سری نگر میں درگاہ حضرت بل میں حاضری دی۔ جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور دیگر مقامی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ وفد نے درگاہ میں حال ہی میں مکمل ہونے والے تجدید و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا اور اس کی خوبصورتی سے مسحور ہوگئے اور وہ درگاہ کے لئے رطب اللسان تھے ۔ اس موقع پر وفد کے ایک رکن نے بتایا کہ ہم پہلے بھی کشمیر آتے تھے ، لیکن پہلی بار درگاہ حضرت بل میں حاضر ہوا ہوں، یہاں آکر مجھے لگا کہ میرے دورے ادھورے ہوتے تھے، یہ کشمیر کے سفر کا ایک اہم حصہ ہے لوگوں کو یہاں آنا چاہئے ۔ ایک اور رکن نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میں یہاں حاضر ہوا، میں اس کی روحانی خوبصورتی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔