نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) ہندوستان کے دورے پر آئے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیثی نے منگل کے روز بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی کے ساتھ میری ٹائم سیکٹر میں تعاون کو بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اماراتی بحریہ کے کمانڈر نے نیشنل وار میموریل کا دورہ کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایڈمرل ترپاٹھی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات سے قبل گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔کمانڈر الرمیثی پیر کے روز تین روزہ سرکاری دورے پر یہاں پہنچے تھے ، انہوں نے آج بحریہ کے سربراہ کے ساتھ بات چیت میں دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی روابط، تربیت اور بحری شعبے میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔