لندن، 9 جولائی (آئی اے این ایس)۔ ہندوستانی بیٹسمین، جو اس وقت شاندار فارم میں ہیں، کل یہاں شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں ایک مشکل وکٹ پر خود کو ثابت کرنے کے لیے پْرعزم نظر آرہے ہیں، جبکہ پہلے ٹسٹ میں متاثر نہ کرپانے والا بولنگ شعبہاس بار کچھ زیادہ طاقتور ہوگا کیونکہ فاسٹ بولر جوفرا آرچر ٹیم میں واپس آرہے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کے تیسرے میچ میں، شبمن گل کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ایجبسٹن میں دوسرے ٹسٹ میں434 رنزکی ریکارڈ جیت کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، جبکہ پہلے ٹسٹ میں پانچ وکٹوں سے شکست نے ہندوستانی ٹیم کو واپسی کا حوصلہ دیا۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے انڈرسن ۔ تندولکر ٹرافی میں 1-1کا مساوی موقف حاصل کر لیا ہے۔ اب ٹیم کی کوشش ہوگی کہ لارڈز کے تاریخی میدان میں فتح حاصل کرکے سیریز پر اپنی گرفت مضبوط کرے۔یہاں کی پچ پر فاسٹ بولروں کو مدد ملنے کی توقع ہے، جو کہ ہندوستانی بیٹرس کے لیے ایک امتحان ہوسکتا ہے۔ تاہم، یشسوی جیسوال، رشبھ پنت اور شبمن گل جیسے فارم میں موجود بیٹرس ٹیم کو ایک بار پھر بڑی اننگز دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہندوستان نے دونوں میچوں میں 400 سے زائد رنز بنائے ہیں، اور بیٹنگ لائن پوری طاقت کے ساتھ کھیل رہی ہے۔بولنگ کے شعبے میں جسپریت بمراہ کی واپسی اور کلدیپ یادو یا واشنگٹن سندر جیسے اسپنرز کی شمولیت سے ٹیم مزید مستحکم ہوگی ۔