ہند۔انگلینڈ آج رانچی میں چوتھے ٹسٹ کا آغاز

   

رانچی۔راجکوٹ میں رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی کامیاب حاصل کرنے سے ہندوستانی ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں اور وہ کل یہاں شروع ہونے والے چوتھے ٹسٹ میں مہمان انگلینڈ کو شکست دے کر 5 مقابلوں کو رواں سیریز پر قبضہ کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی ۔ ہندوستان ٹیم کیلئے اس مقابلے میں سیریز کے کامیاب ترین فاسٹ بولر چسپریت بمراہ کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی کیونکہ کا م کے بوجھ اور ورلڈ کپ کے پیش نظر انہیں اس مقابلے میں آرام دیا گیاہے ، جبکہ ان کی جگہ میکش کمار کے کھیلنے کے امکانات روشن ہیں اور وہ محمد سراج کے ساتھ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری بنھائیں گے ۔ ہندوستان کے لئے گزشتہ مقابلے میں کپتان روہت شرما کی سنچری کے ساتھ فام میں واپسی اچھی خبر ہے لیکن شبھمن گل کے مظاہروں میں نشیب فراز تشویش کا باعث ہوسکتے ہیں ۔ نوجوان اوپنر جیسوال کے ہمراہ ٹسٹ کریئر کا شاندار آغام کرنے والے سرفراز خان پھر ایک مرتبہ توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ اسپن شعبہ میں رویندر جڈیجہ ، روی چندرن اشون اور کلدیب یادو موجود ہیں ۔ دوسری جانب انگلینڈ کو سیریز میں باقی رہنے کیلئے کامیابی ضروری ہے اور مڈل آرڈر کی ناکامی تشویش کا باعث ہے ۔
انگلش ٹیم میں بشیر اور رابنسن شامل
رانچی۔ انگلینڈ نے جمعہ کو یہاں جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے ہندوستان کے خلاف چوتھے ٹسٹ کے لیے فاسٹ بولر اولی رابنسن اور آف اسپنر شعیب بشیرکو اپنی پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ یہ جوڑی رانچی میں شروع ہونے والے ٹسٹ کے لئے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں بالترتیب فاسٹ بولر مارک ووڈ اور لیگ اسپنر ریحان احمد کی جگہ لے گی، جو انگلینڈ کے لیے ایک اہم ٹسٹ کی شکل اختیار کرچکا ہے ۔ راجکوٹ میں 434 رنزکی بھاری شکست کے بعد مہمان ٹیم جاری پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے پیچھے ہے اور سیریز میں باقی رہنے کیلئے اسے چوتھے ٹسٹ میں کامیابی اشد ضروری ہے۔ بین اسٹوکس کی زیرقیادت ٹیم کو رانچی میں کامیابی ضروری ہے تاکہ دھرم شالہ میں آخری ٹسٹ میچ کو سیریزکے فیصلہ کن میچ میں تبدیل کیا جا سکے۔ رابنسن کا انگلینڈ کے لیے آخری ٹسٹ میچ گزشتہ سال ہیڈنگلے میں ایشزکا تیسرا میچ تھا، جہاں انھوں نے پہلی اننگز میں صرف 11.2 اوورز کرئے، اس سے پہلے کہ کمرکی تکلیف نے انھیں سیریز کے باقی حصوں کے لیے باہر جانے پر مجبورکردیا تھا۔ رانچی میں ہونے والا ٹسٹ طویل فارمیٹ میں رابنسن کا ہندوستان میں پہلا میچ بھی ہوگا۔ دوسری طرف وشاکھاپٹنم میں ٹسٹ ڈیبیو کرنے کے بعد یہ فارمیٹ میں بشیرکا دوسرا میچ ہوگا، جہاں انہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں تھی۔ رابنسن اور جیمز اینڈرسن فاسٹ بولنگ کے فرائض سنبھالیں گے، بشیر اسپن بولنگ کے شعبے میں ٹام ہارٹلی اور جزوقتی جو روٹ کے ساتھ ہوں گے۔ جونی بیرسٹو نے جاری سیریز میں 17 کی اوسط سے رنز بنانے اور ناقص فام کے باوجود پلیئنگ الیون میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، ان کا سب سے زیادہ اسکور37 رنز ہے لیکن انتظامیہ نے ان پر اعتماد ظاہر کیا ہے ۔ چوتھے ٹسٹ کے لیے انگلینڈ کی پلیئنگ الیون ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، جونی بیرسٹو، بین اسٹوکس، بین فوکس، ٹام ہارٹلی، اولی رابنسن، شعیب بشیر، اور جیمز اینڈرسن۔