ہند۔انگلینڈ آج پہلا ونڈے ، سمیع ،روہت اور کوہلی پر توجہ مرکوز

   

ناگپور : انگلینڈ کو پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں 4-1 سے شکست دینے کے بعد ٹیم انڈیا اب ونڈے سیریز پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ پہلا ونڈے کل یہاں ناگپور میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے ناگپور میں نیٹ میں پسینہ بہایا۔ ویراٹ کوہلی اور روہت شرما جیسے عظیم بیٹرس نے شاندار شاٹس کھیلے۔ اس کے ساتھ ہی کے ایل راہول اور رشبھ پنت جیسے اسٹار کھلاڑی بھی میدان پر اپنی بہترین فارم میں نظر آئے۔ تاہم پریکٹس سیشن کے دوران ایسا منظر دیکھنے کو ملا جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ رشبھ پنت انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ان کی جگہ کے ایل راہل وکٹ کیپنگ کریں گے یا دونوں کو ایک ساتھ جگہ مل سکتی ہے۔ سال 2024 ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے لیے ایک ڈراؤنے خواب سے کم نہیں تھا۔ ان دونوں نے گزشتہ سال ٹسٹ کرکٹ میں انتہائی شرمناک کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اب سال نیا ہے اور فارمیٹس بھی مختلف ہیں لہذا دونوں اسٹار اپنی تال واپس حاصل کرنا چاہیں گے۔ دونوں نے نیٹ میں اپنے اصل انداز میں شاٹس کھیلے۔ دونوں لیجنڈز نے فاسٹ بولنگ کے خلاف ہر سمت بیٹنگ کی مشق کی۔ روہت کو ریورس سویپ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ کوہلی نے بھی فرنٹ شاٹس کھیلے۔ ٹیم انڈیا کے پریکٹس سیشن کے دوران بیٹنگ کے علاوہ کے ایل راہول نے وکٹ کیپنگ کی بھی مشق کی۔ وہیں رشبھ پنت کو بیٹنگ پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس منظر کو دیکھنے کے بعد یہ مانا جا رہا ہے کہ راہول انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں وکٹ کیپنگ کر سکتے ہیں۔ یہ یقینی سمجھا جارہا ہے کہ روہت اور شبمن گل اننگز کا آغاز کریں گے۔ ان کے بعد ویراٹ کوہلی اور شریاس آئر بیٹنگ کیلئے آسکتے ہیں۔ پنت یا راہول پانچویں نمبر پرکھیل سکتے ہیں جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا چھٹے نمبر پر کھیل سکتے ہیں۔ طویل عرصے بعد ونڈے ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد سمیع کا کھیلنا یقینی ہے۔ انہوں نے روہت اور کوہلی کو نیٹ میں بولنگ کی ۔ ارشدیپ سنگھ کے علاوہ ہرشیت رانا فاسٹ بولنگ میں ان کا ساتھ دے سکتے ہیں۔ اسپنشعبہ میںکلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی ٹیم انڈیا میں حیران کن داخلہ لینے والے ورون چکرورتی کو بھی موقع مل سکتا ہے۔ لیکن اس صورتحال میں کلدیپ کو باہر ہونا پڑسکتا ہے۔ اگر ٹیم انڈیا کی پلیئنگ الیون ایسی ہی رہتی ہے تو دوکھلاڑی ونڈے میں ڈیبیو کریں گے۔ ایک ہرشیت رانا اور دوسرے ورون چکرورتی۔ ان دونوں نے ابھی تک کوئی ونڈے نہیں کھیلا ہے۔ ہرشیت نے آسٹریلیا کے دورے کے دوران اپنا ٹسٹ ڈیبیوکیا اور انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز میں ڈیبیو کیا، جب کہ ورون صرف ٹی20کھیلتے ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ ٹی20 میں شکست کے بعد چمپئنز ٹرافی سے قبل ہندوستان کے خلاف اپنے تمام تر تجربات کرسکتا ہے تاکہ اس تین مقابلوں کو بڑے ایونٹ کی تیاری کا موقع بنایا جاسکے ۔