ہند۔انگلینڈ مقابلے پر سرفراز کی لب کشائی سے گریز

   

لندن ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) شائقین اورسابق کرکٹرز ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور ہندوستان کے میچ کو مشبہ قرار دے رہے ہیں جبکہ اس بارے میں آئی سی سی حکام خاموش ہیں لیکن پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے تنازعہ میں الجھنے کے بجائے لب کشائی سے گریز کیا ہے۔ سرفراز احمد نے برمنگھم میں انگلینڈ اور ہندوستان کے مقابلے پر متنازعہ اور براہ راست تبصرہ کرنے کے بجائے محتاط انداز اختیار کیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ ہندوستان مذکورہ میچ میں آل آوٹ نہیں ہوا، سوشل میڈیا پر بھی اس بارے میں بہت تنقید ہوئی، تو سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے ان سب باتوں پر توجہ نہیں دی۔ میں نے میچ دیکھا، مجھے ایسا لگا کہ اختتامی اوورز میں انگلینڈ نے بہت اچھی بولنگ کی۔ انہوں نے کوئی موقع نہیں دیا۔ لوگ ٹی وی دیکھ کر اپنی رائے قائم کرسکتے ہیں ، میری نظر میں آخری اوورز میں انگلینڈ کی بولنگ کمال کی تھی۔ اس کے بولروں نے مہارت سے صورتحال کو قابو میں رکھا۔ سرفراز احمد سے پوچھا گیا کہ بنگلہ دیش، پاکستان سے آخری چاروں ونڈے جیت چکا ہے تو اس پر انہوں نے کہ بنگلہ دیش اس ٹورنمنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلتی ہوئی آرہی ہے، ہم اسے کسی بھی طرح آسان حریف تصور نہیں کرتے۔ انہیں شکست دینے کے لئے اچھا کھیلنا ہوگا۔