نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ کے دورے پر جائے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ میچوں کی ٹسٹ سیریز کھیلے گی۔ بی سی سی آئی نے ٹسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ میچ 20 جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری ٹیسٹ 31 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا برمنگھم، لارڈس اور مانچسٹر میں بھی ٹسٹ میچ کھیلے گی۔ اس کے علاوہ خواتین ٹیم انگلینڈ کے دورے پر بھی جائے گی جہاں وہ پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے میچزکھیلے گی۔ ہندوستان اور انگلینڈ کی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 28 جون سے 12 جولائی تک چلے گی جبکہ ونڈے سیریز کے میچز 16، 19 اور 22 جولائی کو ہوں گے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول اس طرح ہے ۔ پہلا ٹسٹ، 20-24 جون، ہیڈنگلے، دوسرا ٹسٹ، 2-6 جولائی، برمنگھم، تیسرا ٹسٹ، 10-14 جولائی، لارڈز، چوتھا ٹسٹ، 23-27 جولائی، مانچسٹر۔ پانچواں ٹسٹ، 31 جولائی تا 4 اگست، لندن۔
دورہ انگلینڈ پر ہندوستانی خواتین ٹیم کا شیڈول اس طرح ہے : پہلا ٹی 20 ، 28 جون، ناٹنگھم، دوسرا ٹی 20 یکم جولائی، برسٹل، تیسرا ٹی 20 ، 4 جولائی، لندن۔ چوتھا ٹی 20 ، 9 جولائی، مانچسٹر۔ پانچواں ٹی ٹوئنٹی، 12 جولائی، برمنگھم۔ پہلا ونڈے، 16 جولائی، ساؤتھمپٹن۔ دوسرا ون ڈے، 19 جولائی، لارڈز۔ تیسرا ون ڈے، 22 جولائی، چیسٹر لی اسٹریٹ۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کا دورہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے کسی بڑے امتحان سے کم نہیں ہے۔ ٹیم انڈیا نے گزشتہ 17 سالوں سے انگلینڈ میں کوئی ٹسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔ انگلینڈ میں آخری ٹسٹ سیریز 2007 میں جیتی تھی۔ ٹیم انڈیا یقینی طور پر پچھلے دورے میں جیت کے قریب پہنچی تھی لیکن وہ کامیابی حاصل نہیں کرپائی ۔2021-22 انگلینڈ کے دورے پر ٹسٹ سیریز 2-2 سے ڈرا ہوئی۔ ہندوستان پچھلی سیریز میں 2-1 سے آگے تھا لیکن آخری ٹسٹ میں اسے شکست ہوئی اور سیریز ڈرا ہوئی۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا انگلینڈ میں آئی آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے دونوں فائنل ہار چکی ہے، اس سے صاف ہے کہ کپتان روہت شرما اور کوچ گوتم گمبھیر کی جوڑی کے لیے یہ دورہ آسان نہیں ہونے والا ہے، حالانکہ روہت نے ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ دلوایا ہے ۔