ناگپور 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں ٹوئنٹی 20 سیریز کا کل یہاں فیصلہ کن مقابلہ کھیلا جائے گا اور سب کی توجہ اتوار کو کھیلے جانے والے اِس فیصلہ کن مقابلہ پر مرکوز ہے جہاں ہندوستانی ٹیم سیزن کی اپنی پہلی ٹوئنٹی 20 ہوم سیریز میں کامیابی کے لئے کوشاں ہوگی۔ تو دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم نیا ریکارڈ بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ ویراٹ کوہلی کے بشمول چند اہم سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ہندوستانی نوجوان ٹیم نے دوسرے مقابلے میں کامیابی کے ساتھ سیریز میں واپسی کی ہے جبکہ ٹیم میں تبدیلیوں کی ایک اہم وجہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کی تیاریاں ہیں۔ دونوں مقابلوں میں لیگ اسپنر یوزوندرا چہل کے مظاہرہ ہی قابل ستائش رہے ہیں اور خاص کر کہ درمیانی اوورس میں انھوں نے حریف ٹیم کو باندھے رکھا۔ گزشتہ مقابلے میں بنگلہ دیش کو 153/6 سے محدود رکھنے کے بعد روہت شرما نے تیز رفتار بیاٹنگ کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 کا مساوی موقف دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ واشنگٹن سندر جنھیں کلدیپ یادو پر ترجیح دی ہے وہ چہل اور فاسٹ بولر خلیل احمد کے ساتھ متاثرکن مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائے ہیں اور اُمید کی جارہی ہے کہ فیصلہ کن مقابلہ میں بولنگ میں تبدیلیاں ہوں گی۔ مڈل آرڈر میں شریاس ایئر نے متاثرکن مظاہرہ کیا ہے جبکہ کے ایل راہول سیریز میں ہنوز کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرپائے ہیں اور آل راؤنڈر شیوم دوبے بھی معیار کے مطابق مظاہرہ کرنے میں ناکام ہیں۔ اوپنر شکھر دھون اور وکٹ کیپر ریشپھ پنت بھی ہنوز تنقیدوں کی زد میں ہیں۔ دوسری جانب محمود اللہ کی قیادت کی ستائش کی جارہی ہے لیکن ان کے تجربہ کار اہم بولر مستفیض الرحمن حیران کن طور پر بیٹسمنوں کو پریشان کرنے میں ناکام رہے ہیں۔