ہند ۔ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کرکٹ شائقین کی بھرپور تفریح کے لیے تیار ہے۔ افتتاحی مقابلہ جمعرات 19 ستمبرکو چنئی کا ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔ نجم الحسین شانتو کی قیادت میں بنگلہ دیش ٹسٹ میں ہندوستان کے خلاف اپنی پہلی کامیابی کے خواہاں ہے۔ 13 میچوں میں سے وہ ہندوستان سے 11 میچ ہارے ہیں اور دو ڈرا میچ بھی شامل ہیں۔ تاہم انہیں روہت شرما اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کے خلاف ایک سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، جو اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ 2023-25 میں سب سے مضبوط ٹیم ہے اور اس جدول میں وہ پہلے مقام پر فائز ہے۔ ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش پہلا ٹسٹ جمعرات 19 ستمبر سے چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں شروع ہوگا اور یہ میچ ہندوستان میں صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔ روہت شرما ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کی قیادت کر رہے ہیں اور ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، شبمن گل، ویرات کوہلی، سرفراز خان، روی چندرن اشون، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، کے ایل راہول، دھرو جوریل، رشبھ پنت، محمد سراج، کلدیپ یادیو، آکاش دیپ، جسپریت بمرہ اور یش دیال کے نام شامل ہیں لیکن مڈل آرڈر میں راہول اور سرفراز خان کا نام زیر بحث ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش جس نے پاکستان کے دورہ پر میزبان کو دو مقابلوں میں شکست دیتے ہوئے 2-0 کی تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اس کے ان فتوحات سے حوصلے کافی بلند ہیں ۔ نجم الحسین شانتو سیریز میں بنگلہ دیش کی قیادت کر رہے ہیں جنہوں نے پاکستان میں متاثر کن کپتانی کی ہے ۔ان کی ٹیم میں محمود الحسن جوئے، مومن الحق، شادمان اسلام، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، مشفق الرحیم، لٹن داس، جیکر علی، ذاکر حسن، حسن محمود، خالد احمد، ناہید رانا، نعیم حسن، تیج الاسلام اورتسکین احمد شامل ہیں۔ اس ٹسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے چند کلیدی کھلاڑیوں کے درمیان مسابقتی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ روہت شرما ایک اوپنر کے طور پر ایک بڑی شروعات فراہم کرنا چاہتے ہیں لیکن حریف بولر تسکین احمد انہیں جلد از جلد آؤٹ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلوانے کے خواہاں ہوں گے ۔ ویراٹ کوہلی کا بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میں شاندار ریکارڈ ہے اور تیج الاسلام انہیں پہلے ٹسٹ میں سستے میں روکنا چاہتے ہیں۔ نجم شانتو ایک شاندار اسکور کی تلاش میں ہوں گے اور جسپریت بمراہ کو جلد از جلد روکنے کی ذمہ داری ادا کرنی ہوگا۔ بنگلہ دیش کے پاکستان کے خلاف کامیابی سے حوصلے بلند ہیں ۔