ہند۔سعودی عرب تجارتی تعاون کیلئے زور

   

نئی دہلی 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ہندوستانی وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور خلیجی سلطنت کے ساتھ باہمی تعاون پر زور دیا۔ جس میں خصوصیت سے توانائی، فوڈ پراسیسنگ، فارماسیوٹیکلس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں پر توجہ دی جائے۔ اِس وفد نے سعودی عرب کا 16 فروری سے دو روزہ دورہ کیا۔ یہ دورہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ہندوستان کو 19 اور 20 فروری کو سفر کے پس منظر میں ہوا ہے۔ وفد نے نیتی آیوگ ۔ سنٹر فار انٹرنیشنل اسٹراٹیجک پارٹنرشپس ورکشاپ میں حصہ لیا اور توانائی، انفراسٹرکچر، کانکنی، سیاحت، دفاع و دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع پر غور و خوض کیا۔ نیتی آیوگ نے ایک بیان میں بتایا کہ اِس ورکشاپ کے دوران انوسٹ انڈیا گرڈ کی سعودی عرب میں شروعات کی گئی۔ انوسٹ انڈیا ایک خاص ٹیم تشکیل دے رہا ہے جو ہندوستان میں سعودی سرمایہ کاریوں کو سہل بنائے گی۔ اِس کے لئے 6 ورکنگ گروپس نے 40 مواقع کی نشاندہی کی ہے جو مختلف شعبوں میں ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان کے سفیر برائے سعودی عرب احمد جاوید بھی اِس وفد کا حصہ رہے۔