ریاض میں جشن یوم جمہوریہ ہند میں گورنر ریاض کی شرکت ڈاکٹر اوصاف سعید کا خطاب
ریاض ۔ 27؍جنوری ( راست ) ۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوئے ہیں۔ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کے قیام کے لئے گزشتہ اکتوبر وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کے دوران معاہدہ پر دستخط سے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ یہ بات سعودی عرب میں متعینہ ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہی۔ وہ ہندوستانی سفارتخانہ ریاض میں 71ویں جشن یوم جمہوریہ ہند کی تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کا پیغام سنایا‘ اس موقع پر ہندوستانی تارکین وطن اور احباب ہند کی کثیر تعداد موجود تھی۔ انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض کے طلبہ نے حب الوطنی کے گیت گائے اور رقص کا مظاہرہ کیا۔کلچرل پیالیس ڈپلومیٹک کوارٹر ریاض میں ایک رسمی استقبالیہ ترتیب دیا گیا جس میں گورنر ریاض پرنس فیصل بن بندر السعود نے بہ نفس نفیس شرکت کی۔ سعودی شہریوں، تاجروں، صنعتکاروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ پرنس فیصل بن بندر نے ہند۔سعودی عرب تعلقات پر خصوصی ضمیمہ جاری کیا۔ ہندوستانی تہذیب و ثقافت کی نمائش کی گئی۔ ہندوستانی فنکار وینو نے فنگر پینٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ صبیحہ مجید اور کرنل منیش ناگپال کی پینٹنگز کی بھی نمائش ہوئی۔ جدہ اور سعودی شہروں میں بھی روایتی جوش و خروش کے ساتھ جشن یوم جمہوریہ منایا گیا۔