ہند۔متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی و ثقافتی تعلقات کو فروغ

   

Ferty9 Clinic

’میرے بھائی کے دوسری مرتبہ دورۂ امارات پر ممنون و مشکور ہوں‘، وزیراعظم مودی سے ملاقات پر ولیعہد ابوظہبی کا ریمارک

ابوظبی۔ 24 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے متحدہ عرب امارات کے رہنما اور ابوظبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زاید النیہان نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی و ثقافتی تعلقات میں مزید بہتری کے مختلف راستوں اور امکانات پر ہفتہ کو یہاں تبادلہ خیال کیا۔ ولیعہد شیخ محمد بن زاید النیہان نے اپنے ’بھائی‘ (وزیراعظم مودی ) سے دوسری مرتبہ دورہ پر تشکر و ممنونیت کا اظہار کیا۔ مودی نے اس ملاقات کے بعد ٹوئیٹ کیا کہ ’’عزت مآب ولیعہد شیخ محمد بن زاید سے بہترین ملاقات رہی۔ ہم نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان عوام سے عوام کی سطح پر تعلقات اور تجارتی رابطوں کو مزید بہتر بنانے کے مختلف راستوں کے بشمول دیگر کئی موضوعات پر گفت و شنید کی‘‘۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ولیعہد کے شخصی عزائم بہت زیادہ مضبوط ہے۔ وزارت امور خارجہ میں ترجمان رویش کمار نے کہا کہ دونوں قائدین کے مابین باہمی تعلقات میں ایک نئی توانائی دیکھی گئی۔ انہوں نے ولیعہد کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ ’’میں اس بات پر ان کاکافی احسان مند ہوں کہ میرے بھائی دوسری مرتبہ (ہمارے) گھر آئے ہیں‘‘۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ چند برسوں کے دوران تعلقات میں زبردست استحکام کے سبب سالانہ باہمی تجارت 60 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ وزیراعظم مودی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے ۔ دونوں ممالک ہندوستان میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے 75 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے عہد کو عملی شکل دینے کے لئے قریبی تعاون کے ساتھ انتھک مساعی کر رہے ہیں۔