ہند۔نیوزی لینڈ آج فیصلہ کن ٹی 20 ،ہاردک کی نظریں ہیٹ ٹرک پر

   

احمد آباد ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے 14 دنوں میں چھ مقابلوں کے لئے ملک کے طول و عرض کا سفرکیا ہے اور آخر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز اختتام پر ہے جبکہ رواں ٹی20 سیریز 1-1 سے برابر ہے اور فیصلہ کن مقابلے میں کامیابی کے ذریعہ ہارڈک پانڈیا اپنی کپتانی میں سیریز فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرنے کے خواہاں ہوں گے تو دوسری جانب نیوزی لینڈ ہندوستان میں کسی بھی فارمیٹ میں پہلی سیریز کامیابی کیلئے کوشاں ہوگی۔ یہاں ہندوستان میں سیریز جیتنا مہمان ٹیم کے لیے مشکل کام ہے۔ ہندوستان نے مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے مضبوط قلعے کی حفاظت کی ہے۔ پچھلے10 سالوں میں انہوں نے تینوں فارمیٹس میں جملہ 55 دو طرفہ سیریزکھیلی ہیں اور ان میں سے 47 جیتی ہیں۔ 2019 میں صرف آسٹریلیا اور 2015 میں جنوبی افریقہ نے ہندوستن کو ہندوستان میں شکست دی ہے۔ مچل سینٹنر نے پریس کانفرنسوں میں اس نکتے پر زور دیا ہے کہ نیوزی لینڈ اکتوبر میں ہونے والے ونڈے ورلڈ کپ کے دوران ان حالات کے بارے میں سیکھ سکتا ہے جس کا سامنا وہ اب کررہاہے ۔احمد آباد شاید وہ نہیں کرنا چاہتا جو لکھنؤ نے کیا ۔یہاں کی پچ بیٹرس کے لئے ساز گار ہے اور ہمالیائی اسکور متوقع ہے لہذا ایسی صورت میں ہندوستان یوزویندر چہل کی جگہ فاسٹ بولر عمران ملک کو موقع دے سکتا ہے۔ احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم عام طور پر ٹی20 کے لیے ایک ہمالیائی اسکورنگ مقام رہا ہے، اس کے آخری پانچ میں سے تین کھیلوں نے دونوں اننگز میں 160 سے زیادہ کا مجموعی اسکور بنایا ، جس میں 2 وکٹ پر 224 رنز بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں یہاں کا موسم ٹھیک ہے۔دنوں ٹیموں میں اس اہم اور فیصلہ کن مقابلے میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔