ہند۔نیوزی لینڈ فائنل ،4 ہزار شائقین کے داخلے کا امکان

   

لندن ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میں چار ہزار شائقین کو میدان میں بیٹھ کر میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی ۔ ستمبر 2019 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب بین الاقوامی میچ کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ناظرین کو گراؤنڈ میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ہیمپشائر کاؤنٹی کلب کے سربراہ راڈ برنسگرو نے ساوتھمپٹن کو بتایا کہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں شائقین کی ایک بہتر تعدادہوگی۔ ان کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ڈبلیو ٹی سی کے فائنل کے لئے چار ہزارناظرین کی اجازت دینے کی تیاری میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہم آج سے چار روزہ کاؤنٹی میچ کا انعقاد کررہے ہیں۔ ستمبر2019 کے بعد پہلی بار شائقین کو انگلینڈ کے گراؤنڈ میں بیٹھنے اور کرکٹ میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس راؤنڈ کے دیگر کاؤنٹی میچ کل سے شروع ہوں گے اور ان میچوں میں بھی شائقین کا ہجوم دیکھنے کو ملے گا۔ دریں اثنا ڈبلیو ٹی سی کے فائنل کے لئے تفصیلی معلومات کچھ دن میں شائع کی جائیں گی۔ ساوتھمپٹن کے ایگس باؤل گراؤنڈ میں ہیمپشائر اور لیسٹر شائر کے مابین انگلش کاؤنٹی چیمپین شپ میچ میں تقریباً1500 شائقین کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔ ڈبلیو ٹی سی کا فائنل 18 جون کو اسی گراؤنڈ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جانا ہے ۔