ہند۔نیوزی لینڈ ورلڈکپ کا مقبول ترین مقابلہ

   

مانچسٹر۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ میں جہاں متنازعہ فائنل کے بعد میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر 44 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خطاب حاصل کیا ہے، وہیں نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل سب سے زیادہ شائقین کی جانب سے دیکھا جانے والا مقابلہ رہا جبکہ آئی پی ایل کے بعد مہیندر سنگھ دھونی ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہے۔ یوسی براؤزر کی جانب سے ورلڈ کپ 2019ء میں شائقین کے رجحانات کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں ہند ۔ نیوزی لینڈ سیمی فائنل مقابلہ شائقین کی پہلی پسند رہا۔ مذکورہ مقابلے کیلئے 1.2 ملین شائقین نے نیٹ کا استعمال کیا۔ یو سی براؤزر کی جانب سے ورلڈ کپ کے مقابلوں کیلئے ہندوستان کی مختلف زبانوں میں کامنٹری کی سہولت بھی فراہم کی تھی جن میں تلگو، مراٹھی، بنگالی، کنڑ، تمل، گجراتی، پنجابی زبانیں قابل ذکر ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز
دبئی۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی نے ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد آئندہ برس آسٹریلیائی سرزمین پر مقرر مرد اور خواتین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر نگاہیں مرکوزکر دی ہیں جس کے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا عمل شروع ہو گیا ہے جن کی قیمتیں کم سے کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ میدانوں میں آنیوالے خاندان اورکمیونٹیز کو اولیت دی جائیگی اور چار افراد پر مشتمل خاندان محض پچاس ڈالرزخرچ کر کے اپنی پسندیدہ ٹیم کا میچ دیکھ سکے گا۔واضح رہے کہ دس ٹیموں پر مشتمل ویمنز ایونٹ کا انعقاد 21 فروری تا 8 مارچ تک کیا جائیگا جبکہ مینز ایونٹ میں عالمی کرکٹ کی 16 ٹیمیں 18 اکتوبر تا 15 نومبرآسٹریلیا کے آٹھ میدانوں کھیلا جائے گا۔