پورٹ آف اسپین۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے مقابلے میں اُمید کررہی ہے کہ یہ مقابلہ بارش سے متاثر نہیں ہوگا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا پورا موقع ملے گا جن میں سے شریاس ایّر سرفہرست ہیں۔ ایر جنہوں نے ویسٹ انڈیز اے کے ساتھ منعقدہ سیریز میں 2 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، اس کے علاوہ دہلی کیپٹلس کی قیادت کا بھی انہیں تجربہ ہے اور ویراٹ کوہلی کے ہمراہ نائب کپتان روہت شرما کی سرپرستی اب انہیں ویسٹ انڈیز میں حاصل ہورہی ہے۔ ایّر کو نمبر 4 پر بیٹنگ کی ذمہ داری دی گئی ہے، اور کے ایل راہول کو آرام کا موقع دیا گیا ہے، کیونکہ ٹاپ آرڈر میں شکھر دھون موجود ہیں۔ دھون کے ہمراہ روہت شرما کی موجودگی ہندوستانی ٹیم کیلئے اننگز کے آغاز میں دو مخصوص اوپنرس کی خدمات سے طاقتور موقف حاصل ہے۔ مڈل آرڈر میں ایک اور بیٹسمین کیدار جادھو کو بھی اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع دستیاب ہے، جنہیں دنیش کارتک کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شبھ من گل جنہوں نے ویسٹ انڈیز اے کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے، وہ بھی ٹیم میں دستک دے رہے ہیں۔ جن کی پہلے ہی کپتان ویراٹ کوہلی اور کوچ تعریف کرچکے ہیں۔ اسپن شعبہ میں کلدیپ یادو اور رویندر جڈیجہ قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار کو آرام دینے کی صورت میں نودیپ سائنی کو موقع مل سکتا ہے۔ جبکہ خلیل احمد کی شمولیت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ خلیل بارش سے متاثرہ پہلے مقابلے میں تین اوورس میں 27 رنز دیئے جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان ہے۔