پورٹ آف اسپین۔ بارش کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ونڈے سے قبل انڈور پریکٹس کی۔ تجربہ کار شکھر دھون کی کپتانی میں ہندوستانی بولروں اور بیٹروں نے انڈور میدان کے اندر زبردست پریکٹس کی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں اوپنر شبمن گل نے کہا کہ جب سے ہم انگلینڈ سے آئے ہیں ہم آؤٹ ڈور پریکٹس کرنا چاہتے تھے لیکن بارش شروع ہوگئی۔ اس لیے میدان کے اندر پریکٹس کرنا پریکٹس نہ کرنے سے بہتر تھا۔ ہم ان تینوں ونڈے میچوں کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ ایک اچھی سیریز ہوگی۔ دھون اور کچھ بیٹر نے نیٹ میں پریکٹس کی جبکہ ارشدیپ سنگھ نے بولنگ کی۔ دھون نے اس سے قبل گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ونڈے سیریز میں بھی ہندوستان کی قیادت کی تھی۔ سیریز میں باقاعدہ کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رشبھ پنت، آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کو آرام دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ روتوراج گائیکواڑ، سنجو سیمسن، ایشان کشن جیسے نوجوانوں کے سامنے اپنی قابلیت ثابت کرنے کا موقع ہے۔