ہند۔پاک جنگ روکنے کیلئے امریکی سفارتی کوششیں تیز

   

واشنگٹن۔ 10 مئی (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی روکنے کیلئے امریکہ نے اپنی سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں اور اس سلسلہ میں وزیر خارجہ مارکوروبیو نے آج پہلی بار پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل عاصم منیر کے ساتھ فون پر بات کی اور کہاکہ وہ تناؤکو کم کرنے کیلئے فوری اقدام اٹھائیں ۔ مارکو روبیونے اس سلسلے میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار کے علاوہ وزیر خارجہ جے شنکر کے ساتھ بھی بات کی۔یہ امریکی وزیر خارجہ کا پچھلے 48گھنٹے کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت کے ساتھ دوسرا رابطہ ہے ۔وزیر خارجہ نے کہاکہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تناؤکم کرنے کیلئے اپنا کردار اداکرسکتے ہیں ۔ انھوں نے جنرل عاصم منیر کو فوجی تنازعہ کو روکنے پر زور دیا اور ہندوستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش کی۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے آج پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے بات کی۔ انہوں نے دونوں فریق سے اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے طریقہ تلاش کریں۔ محترمہ بروس نے کہا کہ روبیو نے مستقبل میں تنازعات سے بچنے کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت شروع کرنے میں امریکی مدد کی پیشکش بھی کی۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے بھی کہا ہے کہ امریکی صدر ہند۔ پاک کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں اورہند۔ پاک کشیدگی میں کمی کیلئے کام کر رہے ہیں۔