کراچی ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کی کوششوں کے ساتھ دونوں ممالک میں کرکٹ سیریز کی بحالی کی بھی ہلکی سی امید کی کرن روشن ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور مختصر سیریز کے اشارے مل رہے ہیں لیکن چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ سیریز کے لئے کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔دونوں ممالک کے درمیان امن کی کوششوں کے ساتھ کیا دونوں ممالک میں رواں سال ٹی 20 سیریز ہوسکتی ہے اس سوال کو تقویت مل رہی ہے ۔کرکٹ ڈپلومیسی پر پی سی بی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے کرکٹ بحالی پر براہِ راست کسی نے بات نہیں کی لیکن اشارے مل رہے ہیں اورکہا گیا ہے تیار رہیں ۔دوسری جانب پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے بموجب ہند۔پاک سیریزکے لیے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی وہ بی سی سی آئی سے اس بارے میں بات چیت میں شریک ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان 13-2012 میں آخری دو طرفہ سیریز ہندوستان میں ہوئی تھی۔خیال رہے کہ رواں سال ہندوستان میں ٹی 20 ورلڈکپ اکتوبر میں مقرر ہے۔اس تناظر میں میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو مکتوب لکھ کر یقین دہانی کروادی ہے کہ اکتوبر نومبر میں پاکستان سے آنے والے کرکٹ شائقین ، میڈیا نمائندے ، ٹیم اور اس سے متعلق انتظامیہ کو ہر طرح کی سہولتوں کے ساتھ ویزا جاری کیا جائے گا۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحفظات پر 31 مارچ اور یکم اپریل کو آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں بھی بات کی جائے گی۔علاوہ ازیں پی سی بی ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم رواں سال بہت مصروف ہے لیکن ہند ۔پاک حکومتوں کے درمیان کرکٹ سیریز کھیلنے پر پیش رفت ہوتی ہے تو تین ٹی 20 مقابلوں کے لیے چھ دن کی وقت نکالا جاسکتا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اس موضوع پر جلد ہی دونوں ممالک کے بورڑز کے درمیان مذاکرات شروع ہوں گے ۔