ہند۔پاک مقابلہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ

   

پالی کیلے ۔ کرکٹ ایونٹ ایشیا کپ 2023ء کے اہم ترین میچ میں بارش کی پیش قیاسی کردی گئی اور اس حبر نے شائقین کرکٹ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ایشیاکپ کا آغاز 30 اگست سے پاکستان میں ہو رہا ہے لیکن جس مقابلہ کا کروڑہا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے وہ ہندوستان کا پاکستان سے مقابلہ ہے لیکن اس مقابلے کے متعلق بارش کی پیش قیاسی کردی گئی ہے جوکہ کرکٹ مداحوں کیلئے بری خبر ہے ۔ایشیا کپ ایونٹ میں جملہ 13 میچز کھیلے جائیں گے، ابتدائی میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں چہارشبنہ کوکھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا سنسنی خیز مقابلہ 2 ستمبرکو پالی کیلے سری لنکا میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کھیلا جائے گا لیکن اس اہم مقابلے کے دن 80 فیصد بارش کی پیش قیاسی سامنے آئی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کا اسی میدان میں نیپال سے بھی مقابلہ ہے اور اس مقابلے میں بارش کی مداخلت کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ مذکورہ ایونٹ میں 6ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں ، پہلے مرحلے میں جنہیں 2 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں پاکستان ، ہندوستان اور نیپال ہیں جبکہ دوسرے گروپ میں افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا ہیں۔ پہلے مرحلے میں ہر ٹیم 2 میچز کھیلے گی۔ یہ مقابلے 5 ستمبر کو ختم ہوجائیں گے۔ اس کے بعد 4 ٹیمیں ایونٹ کے سوپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر جائیں گی۔ امید کی جارہی ہے اس ایونٹ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تین مقابلے ہوسکتے ہیں ۔ پہلے مرحلے کے مقابلے کے بعد ہندوستان اور پاکستان دونوں ٹیموں کے سوپر فور میں رسائی کے قومی امکانات ہیں جس کے بعد وہ سوپر فور میں ایک مرتبہ پھر مدمقابل ہوں گے اور اس مرحلے میں ہر ٹیم 3 میچز کھیلے گی اور ٹاپ 2 ٹیموں کے درمیان فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔