ہند۔پاک مقابلے کی ٹکٹیں ہنوز فروخت نہیں ہوئیں

   

ابوظہبی،10 ستمبر (ایجنسیز) ایشیا کپ کا اسٹیج متحدہ عرب امارات میں سج گیا ہے۔ 9 تا 28 ستمبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنمنٹ میں کئی بلاک بسٹر میچز دیکھنے کو ملیں گے جن میں سب سے بڑا میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والا ہے۔کروڑوں شائقین اس میچ کا انتظارکر رہے ہیں۔ لوگ زندگی میں ایک بار یہ میچ اسٹیڈیم میں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن دبئی میں ایک الگ ہی ماحول دیکھنے کو ملا۔ مداحوں کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ 14 ستمبرکو ہونے والے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس ابھی تک فروخت نہیں ہوئے ہیں۔ ہند ۔ پاک میچ کے پریمیم ٹکٹ ابھی تک فروخت نہیں ہوئے ہیں۔ عام طور پر اس میچ کے ٹکٹ گھنٹوں میں فروخت ہو جاتے ہیں لیکن پہلی بارکچھ مختلف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وی آئی پی سویٹس ایسٹ میں ابھی ٹکٹیں باقی ہیں۔ ٹکٹنگ پورٹل وایا گوگو اورپلاٹینومسٹ پر دو سیٹوں کی قیمت 2,57,815 روپئے ہے۔ اس پیکیج میں گلیاری کے قریب نشستیں، لامحدود کھانے پینے کی اشیاء ، پارکنگ پاس، وائی آئی پی کلب؍ لاؤنج تک رسائی اورخانگی داخلہ شامل ہیں۔ رائل باکس میں ٹکٹ بھی باقی ہیں جن کی قیمت دو افراد کے لیے 2,30,700 روپئے ہے جبکہ اسکائی باکس ایسٹ کی قیمت 1,67,851 روپئے ہے۔ویسے ہندوستان اور ہندوستان کے درمیان اس میچ سے قبل ایک بڑا تنازعہ بھی کھڑا ہوگیا ہے۔ ایشیا کپ کی کپتانوں کے پریس کانفرنس کے دوران ہندوستانی کپتان سوریاکمار یادو پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کرتے نظر آئے۔ انہوں نے پی سی بی اور اے سی سی کے سربراہ محسن نقوی سے بھی مصافحہ کیا جس کے بعد کچھ مداح انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے آپریشن سندور کے ذریعہ پاکستان کو جواب دیا تھا، جس کے بعد پاکستان کے وزیر محسن نقوی نے ہندوستان کو دھمکی دی تھی، اب سوریا کمار یادو نے اُن سے مصافحہ کیا ہے، تو اس پر مداح ناراض ہو رہے ہیں۔ہند وستان اور پاکستان کے درمیان مذکورہ دہشت گرد حملوں کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب دوپڑسی ممالک کی ٹیموں کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گی اور اُمید کی جارہی کہ جارحانہ کھیل کے ساتھ دونوں ٹیمیں کامیابی کیلئے کوشاں ہوں گی ۔