نئی دہلی ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر امور خارجہ ایس جئے شنکر اور اُن کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے درمیان کوئی میٹنگ کا آئندہ ہفتے لندن میں دولت مشترکہ اقوام کے وزرائے خارجہ کے اجتماع کے موقع پر منصوبہ نہیں ہے۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ جئے شنکر اس ایونٹ میں شرکت کیلئے برطانیہ کا سفر کریں گے۔ رویش نے میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جئے شنکر اور قریشی کے درمیان کامن ویلتھ ایونٹ کے موقع پر کوئی باہمی اجلاس کا منصوبہ نہیں ہے۔ پاکستان بھی دولت مشترکہ کا رکن ہے اور قریشی کی اس گروپ کے فارن منسٹرس کی میٹنگ میں شرکت متوقع ہے۔ کامن ویلتھ میٹنگ 10 جولائی کو مقرر ہے۔ دولت مشترکہ اقوام 53 ملکوں کا گروپ ہے جو سابق میں برطانوی سلطنت کے علاقے تھے۔