ممبئی۔13؍ستمبر ( ایجنسیز )شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ہفتہ کوکہا کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنا قومی جذبات کی توہین ہے کیونکہ ہندوستانی فوجی سرحد پر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ ادھو نے مہاراشٹرا بھر میں احتجاج کا اعلان کیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکرے نے کہا کہ اتوار کو دونوں ممالک کے درمیان ایشیا کپ کے میچ کا بائیکاٹ کرنا دہشت گردی کے بارے میں ہمارے موقف سے دنیا کو آگاہ کرنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹ میچ قومی جذبات کی توہین ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمیں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنی چاہیے جب ہمارے فوجی، سرحد پر جانیں قربان کر رہے ہیں؟ انہوں نے بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تنقید کی اور کرکٹ میچ کو حب الوطنی کا مذاق اڑانے جیسا قرار دیا۔ٹھاکرے نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے تو خون اور کرکٹ ایک ساتھ کیسے بہہ سکتے ہیں؟ جنگ اور کرکٹ کیسے ایک ساتھ ہو سکتے ہیں؟ انہوں نے حب الوطنی کو کاروبار بنا لیا ہے۔ حب الوطنی کا کاروبار صرف پیسے کیلئے ہے۔ وہ کل بھی میچ پاکستان کے ساتھ میاچ کھیلنے جا رہے ہیں کیونکہ انہیں اس میچ سے ملنے والا سارا پیسہ چاہیے۔