نئی دہلی : ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا کوئی مطالبہ آئی سی سی نے تسلیم نہیں کیا۔ پاکستانی ٹیم احمد آباد میں ہندوستان کے ساتھ لیگ میچ نہیں کھیلنا چاہتی تھی لیکن اب اسے یہاں کھیلنا پڑے گا۔ آئی سی سی کے رویہ پر پاکستانی شائقین ناخوش ہیں اور ہربھجن سنگھ نے اس پر نمک چھڑک دیا ہے۔ ہربھجن نے اس بارے میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ شعیب اختر نے جو کہا ہے وہ بالکل درست ہے۔ ویراٹ کوہلی دنیا کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں جب کہ بابر اعظم کو وہاں تک پہنچنے کیلئے ابھی بہت کام کرنا ہے۔ امید ہے بابر بھی بہت اچھے کھلاڑی بن جائیں گے۔ ہربھجن نے کہا کہ بابر اعظم ٹسٹ کرکٹ میں بہت اچھے ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں ان کی کارکردگی کچھ اچھی نہیں ہے۔ اس پر اپنی رائے دیتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ دیکھیں بابر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اس فارمٹ میں بہت سست کھیلتے ہیں، ان کے پاس T20 گیم نہیں ہے لیکن پھر بھی وہ کوشش کرتے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے 100 ونڈے میچوں میں 5089 رنز بنائے ہیں جس میں 18 سنچریاں اسکور کی گئی ہیں۔ بابر نے 47 ٹسٹ میں 9 سنچریوں کی مدد سے 3696 رنز بنائے ہیں جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں بابر کی تین سنچریاں ہیں۔ ویراٹ کوہلی نے 109 ٹسٹ میچوں میں 28 سنچریوں کی مدد سے 8479 رنز بنائے ہیں۔ ویراٹ نے 274 ونڈے میچوں میں 46 سنچریوں کی مدد سے 12898 رنز بنائے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں ویراٹ کے نام ایک سنچری ہے۔ بہت جلد شائقین کو ویراٹ کوہلی اور بابر اعظم کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیموں کو ستمبر میں ایشیا کپ اور پھر ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ میں کھیلنا ہے۔ ایشیا کپ کے میچ کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی ہے جبکہ ورلڈ کپ میں 15 اکتوبر 2023 کو دونوں ٹیمیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں مقابلہ کھیلیں گی۔