ہند۔پاک کشیدگی ، آئی پی ایل بھی متاثر ہونے کا خدشہ

   

نئی دہلی : پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ کے امکانات بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ ایسے میں آئی پی ایل پر بھی خطرہ منڈلا رہا ہے۔ ہندوستان میں ان دنوں آئی پی ایل 2025 کھیلا جا رہا ہے۔ بی سی سی آئی کی یہ ٹی20 لیگ اب اپنے آخری مرحلے کے قریب ہے لیکن اس دوران پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے فضائی حملے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جس کا اثر آئی پی ایل پر بھی پڑ سکتا ہے۔ تو کیا آئی پی ایل کو درمیان میں ہی روک دیا جائے گا؟ یہ سوال اب کرکٹ مداحوں کے ذہنوں میں ہے ۔ جب ہندوستان نے آدھی رات کو دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں پر حملہ کیا تو آئی پی ایل کا 56 واں میچ ختم ہو چکا تھا۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 56ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز نے ممبئی انڈینز کو ڈک ورتھ لوئس قوانین کے تحت 3 وکٹوں سے شکست دی۔ اس مقابلے کے ختم ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی ہندوستان نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں فضائی حملہ کیا، جس کے بعد جنگ کا امکان بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔اب سوال یہ ہے کہ اگر اندیشے حقیقت کا روپ دھار لیں تو کیا ہوگا؟ اس صورت حال میں ممکن ہے کہ آئی پی ایل کو روکنا پڑے۔ ظاہر ہے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل مینیجر بھی اس بڑے معاملے پرگہری نظر رکھے ہوئے ہوں گے۔ وہ حالات کا جائزہ لے رہے ہوں گے اور اگر ضروری ہوا تو وہ ضرورکسی فیصلے پر پہنچیں گے۔ فی الحال صورتحال معمول پر ہے اور آئی پی ایل کے بقیہ میچز بھی اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوتے نظر آئیں گے۔ہندوستان اور بیرون ملک کے کئی بڑے اسٹارکھلاڑی آئی پی ایل 2025 میں کھیل رہے ہیں۔ ویسے، ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے یہ ان کی اپنی زمین ہے لیکن جو غیر ملکی کھلاڑی ہیں ان کو فکر مند ہونا چاہیے۔ آئی پی ایل 2025 کا انعقاد 25 مئی تک ہونا ہے۔ اس وقت ٹورنمنٹ کے پلے آف کی دوڑ جاری ہے۔ فائنل کے ٹکٹ کے لیے ایک بار پھر4 ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل 25 مئی کوکھیلا جائے گا۔