دونوں ملکوں میںتعینات امریکی سفیروں کو الھان عمر اور دوسروں کا مکتوب
واشنگٹن ۔14ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی قانون سازوں کے ایک گروپ نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان میں متعین امریکی سفیروں سے کہا ہے کہ ان دونوں ملکوں کے درمیان پیداشدہ کشیدگی کو کم کرنے کی مساعی کریں کیونکہ یہ (کشیدگی) عالمی امن کیلئے ہولناک خطرہ کی سمت اشارہ کرتی ہے جو دراصل امریکہ کی قومی سلامتی کیلئے واضح خطرہ ہوسکتی ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان میں امریکی سفیروں بالترتیب کینتھ جسٹر اور پال ڈبلیو جونس کے نام اپنے مکتوب میں امریکی کانگریس کے سات ارکان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف سے متعلق دستوری دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیداشدہ کشیدگی جاری رہنے کا احتمال ہے جس سے عالمی امن کو سنگین خطرہ کی نشاندہی ہوتی ہے اور یہ دراصل امریکی قومی سلامتی کیلئے راست اور واضح جوکھم ثابت ہوگی ۔ مکتوب پر دستخط کرنے والے ارکان کانگریس میں الھان عمر ، راول ایو گریجوالا ، اینڈی لیون ، جیمس پی مک گورن ، ٹڈلیو ، ڈونالڈ بائیر اور ایلن لوینتھل شامل ہیں۔
